ایران کا اسرائیل پر تازہ حملے، تین افراد ہلاک اور 74 زخمی

113

پیر کی صبح ایران کے تازہ حملوں میں اسرائیل میں تین افراد ہلاک، 74 زخمی

اسرائیل کی قومی ایمرجنسی سروس کے مطابق پیر کی صبح ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں میں وسطی اسرائیل میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور ایک مرد شامل ہیں، تینوں کی عمریں 70 کے قریب تھیں۔

اس کے علاوہ 74 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ایمرجنسی سروس کے مطابق دو مقامات پر امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

اسرائیل کی قومی ایمرجنسی سروس کے مطابق کم از کم 67 زخمی افراد کو وسطی اسرائیل کے چار مختلف مقامات پر واقع ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔

ایران کے تازہ حملے میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا: اسرائیل کا دعویٰ

اسرائیلی فوج کے مطابق پیر کی صبح ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کے تازہ حملے میں ملک کے کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا جن میں بحیرہ روم کے ساحلی علاقے میں واقع ایک رہائشی عمارت بھی شامل ہے۔

فوجی بیان میں کہا گیا ہے ’ہوم فرنٹ کمانڈ کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو ایران کے تازہ حملوں کے بعد اسرائیل کے مختلف متاثرہ علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے۔‘ یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا ہے جب عوام کو محفوظ پناہ گاہیں چھوڑنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

فائر بریگیڈ کے مطابق ساحلی علاقے کی ایک عمارت کو براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے جہاں امدادی ٹیمیں روانہ ہو چکی ہیں۔

اسرائیل کی ایمرجنسی سروس نے حیفا سے جاری کی گئی فوٹیج میں جلتی ہوئی گاڑیاں اور ایک رہائشی عمارت کو دکھایا ہے جس کا اگلا حصہ دھماکے سے اڑ چکا ہے۔

ایمرجنسی سروس کے مطابق ان حملوں میں سات افراد زخمی ہوئے جن میں ایک 72 سالہ خاتون بھی شامل ہیں۔ پیرا میڈک شیرا گور نے بتایا ہے کہ انھیں شمالی اسرائیل کے ایک شہر بھیجا گیا ہے جہاں ’ایک عمارت اور کئی گاڑیوں میں راکٹ حملے کے باعث آگ لگنے‘ کی اطلاع ملی تھی۔

اسرائیل میں رات بھر میزائل حملوں کا خدشہ رہا

پوری رات اسرائیل کے شہری ممکنہ میزائل حملوں کے لیے الرٹ رہے۔ تقریباً رات ایک بجے اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ وہ ایران میں میزائل ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور شہریوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ محفوظ پناہ گاہوں کے قریب چلے جائیں۔

چار گھنٹے بعد ایران کی جانب سے شدید ردِعمل آیا جو اب تک کے سب سے بڑے حملے جیسا محسوس ہوا۔

ملک کے بیشتر حصوں میں سائرن بجنے لگے جس کے فوراً بعد کئی منٹ تک دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں جو اتنی شدید تھیں کہ جس عمارت میں، میں موجود تھا وہ لرز گئی۔