اسرائیل کا ایران کی جوہری و فوجی تنصیبات پر حملہ، پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف ہلاک: ’اسرائیل نے اپنے لیے تلخ قسمت کا انتخاب کیا،‘ خامنہ ای

168

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف محمد باقری بھی اسرائیلی حملے میں ہلاک: ایرانی سرکاری میڈیا

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری بھی اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

میجر جنرل محمد باقری ایران کی اعلیٰ ترین فوجی شخصیت تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی سرکاری میڈیا نے بتایا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر انچیف حسین سلامی، ایرانی جوہری تنظیم کے سابق سربراہ فردون عباسی اور آزاد یونیورسٹی کے صدر مہدی تہرانچی بھی اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ: ’اسرائیلی منصوبوں کا علم تھا لیکن امریکی فوج نے اس آپریشن میں کوئی کردار ادا نہیں کیا‘

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی ابھی امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز سے بات کی ہے۔

ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھیں اسرائیل کے منصوبوں کا پہلے سے علم تھا تاہم انھوں نے واضح کیا کہ امریکی فوج نے اس آپریشن میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

امریکی صدر نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے امریکا کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا۔

ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا کہ ’ایران کے پاس ایٹم بم نہیں ہو سکتا اور ہم مذاکرات کی میز پر واپس آنے کی امید کر رہے ہیں۔‘

شہری فوج کی ہدایات پر عمل کریں: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اسرائیلی شہریوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ فوج کی ہدایات پر عمل کریں۔

اسرائیلی وزیراعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ شہریوں کو طویل عرصے تک پناہ گاہوں میں رہنا پڑ سکتا ہے۔

نیتن یاہو نے ایران پر حملوں کو ’بہت کامیاب‘ قرار دیا لیکن اسرائیل میں اب ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی کارروائی کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ ہے۔

رہائشیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ’محفوظ علاقوں میں رہیں‘ اور حکام کی ’ہدایات پر عمل کریں۔‘

ایران کی جوابی کارروائی کی صورت میں امریکہ اسرائیل کے دفاع کے لیے کیا کرے گا؟,ٹام بیٹمین، بی بی سی نامہ نگار

امریکی حکام نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کو فضا میں ایندھن بھرنے کی سہولت کی پیشکش نہیں کریں گے۔ وہ یہ واضح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اسرائیل کی اس فوجی کارروائی سے امریکہ الگ ہے۔

اور ایسا ہی اسرائیل کی دفاعی صلاحیت کے معاملے میں بھی ہو سکتا ہے، جسے تقریباً یقینی طور پر ایران کی طرف سے جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسرائیل میں آج صبح سائرن بج رہے تھے تاکہ شہریوں کو بیدار کیا جا سکے کیونکہ ان کے ملک نے ایران پر حملہ کیا تھا۔

اس لیے اب اہم سوال یہ ہے کہ امریکہ اسرائیل کے دفاع کے لیے کیا کرے گا؟

اس بات کا خطرہ ہے کہ چیزیں بہت جلد قابو سے باہر ہو سکتی ہیں۔ آئندہ کچھ گھنٹے اور دن بہت اہم ہیں۔

اسرائیل نے اپنے لیے ’تلخ قسمت کا انتخاب کیا، جس کا سامنا اسے کرنا ہی پڑے گا‘: ایرانی سپریم لیڈر

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ان حملوں سے اسرائیل کی ’قبیح فطرت‘ کا پتا چلتا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر نے کہا ہے کہ اس حملے سے اسرائیل نے اپنے لیے ’تلخ قسمت‘ کا انتخاب کیا، جس کا سامنا اسے کرنا ہی پڑے گا۔