مستونگ: آپریشن میں مصروف فورسز پر حملہ، ہیلی کاپٹروں کی آمد

160

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسلح حملے میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ حملے کے بعد علاقے میں ہیلی کاپٹروں کی آمد و رفت جاری ہے۔

مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں گذشتہ روز پاکستانی فورسز نے علاقے میں آپریشن کی غرض سے بڑی تعداد میں پیش قدمی کا آغاز کیا۔ گذشتہ شب فورسز کے قافلے کو اسپلنجی کے علاقے مَرو کنڈ میں مسلح افراد کی بڑی تعداد نے گھات لگاکر حملے میں نشانہ بنایا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق شدید فائرنگ کے بعد متعدد دھماکوں کی آواز بھی سنی گئی جبکہ وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ آج صبح تک جاری رہا جبکہ علاقے میں ہیلی کاپٹروں کی آمد و رفت جاری ہے۔

حملے کے نتیجے میں فورسز کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

مذکورہ علاقے میں گذشتہ دنوں پاکستانی فورسز کے قافلے کو آئی ای ڈی حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا جس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی جبکہ اسی علاقے میں اس سے قبل بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں اور پاکستان فورسز کے درمیان طویل جھڑپ چلی تھی جس کے نتیجے میں دونوں کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔

رواں سال بلوچستان بھر میں پاکستانی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اتوار کے روز بلوچ لبریشن آرمی نے زامران کے دو مختلف مقامات پر پاکستانی فورسز کو آئی ای ڈی حملوں میں نشانہ بنایا جن کے نتیجے میں حکام نے دو اہلکاروں کے ہلاکت کی تصدیق کی۔

آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔