گوادر اور نوشکی میں دو افراد کی خودکشی کی کوشش

12

بلوچستان کے دو مختلف اضلاع گوادر اور نوشکی میں دو افراد نے مختلف واقعات میں خودکشی کی کوشش کی، دونوں افراد کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوادر کے علاقے پسنی سالاچ کے رہائشی نوجوان عبدالوحید نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کے دوران تیز دھار آلے سے اپنا گلا کاٹ دیا۔

واقعے کے بعد مقامی افراد نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی جس پر ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد پاک عمان اسپتال منتقل کردیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق نوجوان کی حالت تشویشناک ہے، تاحال خودکشی کی کوشش کی وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

دوسری جانب نوشکی میں ڈپٹی کمشنر آفس کے سیکورٹی پر معمور ایک لیویز اہلکار نے خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے خود کو گولی مار دی۔

ذرائع کے مطابق خودکشی کی کوشش کرنے والے اہلکار حیات خان کو شدید زخمی حالت میں ٹیچنگ اسپتال نوشکی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اس کی نازک حالت کے پیش نظر کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔

پولیس اور متعلقہ ادارے دونوں واقعات کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کررہے ہیں، تاہم اب تک کسی قسم کا باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔