بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، گوادر اور ڈیرہ بگٹی سے مزید جبری گمشدگیوں کے کیسز سامنے آگئے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی سے پی پی ایل کے ملازم حیدر ولد جاگو (باخلانی) بگٹی کو پاکستانی فورسز کے اہلکاروں نے سوئی میں بگٹی کالونی کے علاقے سے جبری طور پر لاپتہ کردیا۔
دریں اثنا بلوچی زبان کے شاعر و ادیب بل نگور کے رہائشی عابد ادیب کے کمسن بیٹے عبداللہ عابد کو ساحلی شہر گوادر سے مسلح افراد نے جبری لاپتہ کردیا ہے۔
لواحقین کے مطابق عبداللہ کمسن اور اسکول میں زیر تعلیم ہے، گوادر پولیس کے پاس ان کے گمشدگی اور اغوا کی رپورٹ درج کی گئی ہے مگر تاحال پولیس انہیں بازیاب کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ گوادر سے ایک ہفتے میں ابتک پانچ کمسن لڑکوں کو مختلف اوقات میں پاکستانی فورسز نے جبری لاپتہ کردیا ہے ۔