کوئٹہ: پاکستانی فورسز پر 4 مقامات پر حملے

1

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز کو متعدد مقامات پر منظم حملوں کا سامنا رہا، جن میں دھماکوں اور شدید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

پہلے حملے میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا، حملے کے وقت متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جن کے فوراً بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے ۔

جبکہ دوسرا حملہ کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ جنگل باغ پر قائم کیپٹن سفر خان چیک پوسٹ پر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر کم از کم دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

مزید کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن، کرانی روڈ پر واقع پاکستانی فورسز کی ایک اور چوکی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ حملے کی نوعیت اور جانی نقصان کے حوالے سے تاحال تفصیلات موصول نہیں ہو سکیں۔

بتایا جارہا ہے کہ مسلح افراد نے کوئٹہ کے علاقے عارف گلی، بورما ہوٹل کے قریب واقع اے این ایف (اینٹی نارکوٹکس فورس) کے کیمپ کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا ہے ۔

تاہم حکام کی جانب سے ان حملوں کے بارے میں کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے ۔