کوئٹہ: جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 5819 ویں روز بھی جاری

18

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 5819 ویں روز بھی جاری رہا۔

اس موقع پر تنظیم کے وائس چئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا ہے کہ کیمپ کا مقصد ریاستی تحویل میں لاپتہ افراد کی بازیابی اور اس انسانی مسئلے کو اجاگر کرنا ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں سے بلوچ عوام کو درپیش ہے۔

آج کے احتجاج میں جبری لاپتہ جہانزیب محمد حسنی کے اہلخانہ نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہانزیب کی جبری گمشدگی نے ان کے خاندان کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جہانزیب محمد حسنی کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں، تاکہ وہ اس بے یقینی اور کرب سے نجات پا سکیں۔

ماما قدیر بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے بڑھتے کیسز اور جعلی مقابلوں میں زیر حراست لوگوں کو مارنا باعث تشویش ہے ، عالمی ادارے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر لب کشائی کریں ۔