بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے گومازین میں کل رات نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت ملا عامر اور امان اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق پنجگور کے علاقے چتکان سے ہے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ٹیچنگ اسپتال پنجگور منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد بہت زیادہ تھی اور وہ بھاری اسلحے سے لیس تھے۔ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے حملہ آوروں نے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ، جسے مقامی سطح پر “ڈیتھ اسکواڈ” کہا جاتا ہے، سے تھا۔
بلوچستان میں “ڈیتھ اسکواڈ” ایک اصطلاح کے طور پر ان مسلح گروہوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے جنہیں ریاستی اداروں کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے۔
ان گروہوں پر الزام ہے کہ وہ ٹارگٹ کلنگ، اغوا، اور جبری گمشدگیاں سمیت متعدد سماجی برائیوں میں ملوث ہوتے ہیں جنہیں حکومت اور پاکستان خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے مکمل کھلی چھوٹ دی گئی۔