نوشکی: احمد وال بلوچ آزادی پسندوں کے کنٹرول میں، شاہراہ پر مسلح افراد تعینات، 4 غیر مقامی گرفتار

1

نوشکی کے علاقے احمد وال کو بلوچ آزادی پسندوں نے اپنے مکمل کنٹرول میں لے لیا ہے۔ علاقے میں مختلف مقامات پر مسلح افراد مورچہ زن، شاہراہ پر ناکہ بندی بھی جاری

علاقائی ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ گذشتہ چار گھنٹوں سے احمد وال بلوچ آزادی پسندوں کے کنٹرول میں ہیں جنہوں نے مختلف مقامات پر پوزیشن سنبھال لیئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ تفتان-کوئٹہ مرکزی شاہراہ N40 پر بھی ناکہ بندی کرکے مسلح افراد نے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پولیس و لیویز تھانے سمیت ریلوے اسٹیشن کو قبضے میں لیا گیا ہے۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے اس دوران معدنیات لیجانے والی گاڑیوں کو نذر آتش کردیا گیا جبکہ چار غیر مقامی افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

واضح رہے بلوچستان بھر میں مربوط حملے کیئے جارہے ہیں۔ کوئٹہ سے متصل دشت، پنجگور، ھوشاب، مند، تربت، صحبت پور، ڈیرہ مراد جمالی میں مرکزی شاہراہوں پر ناکہ بندیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ فورسز کو اس دوران نشانہ بنایا گیا ہے۔

قلات میں گراپ کے مقام پر پاکستانی فورسز کے مرکزی کیمپ کو حملے میں نشانہ بنایا گیا جہاں ایک گھنٹے سے زائد جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اوتھل شہر میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو مسلح افراد نے نشانہ بناکر ہلاک کردیا۔

کوئٹہ شہر کے اندر پاکستانی فورسز کو دس سے زائد حملوں میں نشانہ بنایا جاچکا ہے جبکہ ان حملوں کا سلسلہ مستونگ، سبی اور کیچ کے علاقوں میں جاری ہے۔