نوشکی آئل ٹینکر دھماکہ: ایک اور زخمی چل بسا، جانبحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

63

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آئل ٹینکر میں آگ لگنے اور دھماکے کے نتیجے میں جانبحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے، جبکہ 30 کے قریب افراد زخمی ہیں۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک آئل ٹینکر میں ویلڈنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی، ڈرائیور نے خطرہ بھانپتے ہوئے ٹینکر کو کھلی جگہ منتقل کیا، تاہم وہاں پہنچتے ہی ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا۔

اطلاعات کے مطابق اس دھماکے میں ڈرائیور موقع پر ہی جانبحق ہوگیا، جبکہ قریب موجود متعدد افراد جھلس گئے۔

زخمیوں میں ڈی ایس پی نوشکی شریف بریچ، فائر بریگیڈ کے اہلکار، پولیس افسران، بچے اور مقامی شہری شامل ہیں، متعدد زخمیوں کو شدید جھلسنے کے باعث کوئٹہ اور کراچی کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حکام کے مطابق، 20 سے زائد زخمیوں کو کراچی کے نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

واقعہ کے بعد سول اسپتال نوشکی میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، اور فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی بھی آگ کی لپیٹ میں آکر تباہ ہوگئی۔

نوشکی واقعہ میں اب تک جانبحق افراد کے ناموں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔