منگچر شہر میں کرفیو نافذ کردی گئی

471

بلوچستان کے ضلع قلات کے تحصیل منگچر شہر میں گذشتہ روز سے غیریقینی صورتحال کے باعث مکمل کرفیو نافذ کردی گئی ہے، مساجد میں اعلانات کے ذریعے عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی تلقین کی گئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق مساجد میں اعلانات کیئے گئے جو کہ وقفے وقفے سے جاری رہیں کہ کوئی شخص اپنے گھر سے باہر نہ نکلے، بازار مکمل بند کردیا گیا ہے۔

گذشتہ روز مغرب کے وقت سینکٹروں مسلح افراد نے اچانک شہر کا کنٹرول سنبھال لیا جہاں مرکزی شاہراہ سمیت گلیوں میں ناکہ بندی کی گئی جبکہ مختلف مقامات پر مسلح افراد مورچہ زن دکھائی دیئے۔

اس دوران نادرا آفس، عدالت اور بینک سمیت مختلف سرکاری عمارتوں پر مسلح افراد نے قبضہ کرنے کے بعد نذرآتش کردیا۔ جبکہ فورسز کے مرکزی کیمپ اور قافلے کو حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

رات دیر تک مختلف مقامات پر جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔

دریں اثناء منگچر سے متصل خزینئی کے علاقے میں مرکزی شاہراہ پر بھی مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے چار پولیس اہلکاروں کو اسلحہ سمیت حراست میں لیکر اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ قیدی وین سے 10 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔

مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندیوں اور فائرنگ کے واقعات کے باعث حکام نے ٹریفک کو کوئٹہ کراچی شاہراہ معطل کردیا۔