قلات کے شہر منگچر میں کشیدہ صورتحال، کرفیو نافذ، ہیلی کاپٹروں اور ڈرون طیاروں کی پروازیں جاری

347

بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل منگچر میں گذشتہ روز سے صورتحال شدید کشیدہ ہے۔ علاقے میں فضائی نگرانی کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سے ہیلی کاپٹروں اور ڈرون طیاروں کی گشت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ شہریوں کے مطابق یہ پروازیں نہ صرف نگرانی بلکہ ممکنہ عسکری کارروائیوں کی تیاری کا بھی اشارہ دے رہی ہیں۔

خیال رہے کہ کل شام مسلح افراد منگوچر بازار میں داخل ہوئے، نادرا، جوڈیشل کمپلیکس اور نیشنل بینک آف پاکستان کے دفاتر سمیت متعدد سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرکے آگ لگا دی۔

مسلح افراد کا قبضہ رات دیر تک جاری رہا ہے۔ انہوں نے مسافر بسوں اور نجی کاروں سمیت متعدد گاڑیوں کی تلاشی لی، جس سے راستے پر ہر قسم کی ٹریفک رک گئی۔

انتظامیہ نے آج شہر بھر میں مکمل کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ عوام کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔