قلات اور کیچ میں پاکستانی فورسز پر تین بم حملے

244

بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگچر اور ضلع کیچ کے علاقے کولواہ میں پاکستانی فورسز کے قافلوں کو تین بم دھماکوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

یہ دھماکے پاکستانی فورسز کے قافلے کی نقل و حرکت کے دوران تین الگ الگ مقامات پر کئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے ہلاکتوں یا زخمیوں کی تصدیق تاحال نہیں کی گئی۔

فورسز نے دھماکوں کے فوری بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

تاحال کسی نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی، مذکورہ علاقوں میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں جو اس سے قبل بھی پاکستانی فورسز کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

برطانیہ میں قائم غیر سرکاری تنظیم ایکشن آن آرمڈ وائلنس (اے او اے وی) کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2024 میں پاکستان ان ممالک میں ساتویں نمبر پر رہا جہاں دھماکا خیز ہتھیاروں سے شہریوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہونے والے تمام خودکش حملے غیر ریاستی عناصر کی جانب سے کیے گئے، ان میں بلوچ لبریشن آرمی نمایاں طور پر شامل ہے، جو کہ 2024 میں ہونے والے 9 خودکش حملوں میں سے صرف 2 فیصد واقعات کی ذمہ دار تھی، لیکن ان واقعات میں ہونے والے 89 فیصد (92) متاثرین کی ذمہ دار بی ایل اے ہی رہی۔