عالمی نئی صف بندیاں، بلوچ قوم کو اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تیار رہنا ہوگا – این ڈی پی

55

کراچی نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) نے کراچی زون کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کا پہلا آرگنائزنگ اجلاس مرکزی آرگنائزر شاہ زیب بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن معراج شاد بلوچ نے اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز شہداء کی یاد سے کیا گیا جس کے بعد تعارفی نشست ہوئی اور معراج شاد بلوچ نے پارٹی کی حالیہ تنظیمی پیش رفت اور پالیسیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مرکزی سرکیولر پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی حالات میں تبدیلی مشرق وسطیٰ کا بحران، ایران و اسرائیل کشیدگی، پاک و ہند تنازعہ، اور چین، روس و امریکہ کی بڑھتی سرمایہ دارانہ مداخلتیں ایک نئے عالمی نظام کی تشکیل کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرد جنگ کے بعد دنیا امریکہ کی قیادت میں ایک قطبی نظام میں داخل ہوچکی ہے تاہم حالیہ برسوں میں بالخصوص ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت سے ایک نیا عالمی ورلڈ آرڈر جنم لے رہا ہے چین، روس اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور عسکری توازن کی نئی صف بندی ہو رہی ہے جس میں خطے کی اقوام خصوصاً بلوچ قوم کو اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

اجلاس کا دوسرا اہم پہلو تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی اور توسیع تھا شرکاء نے کراچی کے جغرافیائی و سیاسی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یونٹوں کی تنظیمِ نو، نظریاتی و تنظیمی تربیت، اور روابط کو فعال بنانے کے لیے پالیسی سازی پر تبادلہ خیال کیا، متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کراچی زون میں تنظیم کو یونٹ سطح پر مضبوط اور مربوط بنایا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر نئی زونل آرگنائزنگ باڈی کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق عالم آسکانی بلوچ کو زونل آرگنائزر، زیشان بلوچ کو ڈپٹی آرگنائزر جبکہ شمیمہ بلوچ، یاسر بلوچ اور احسان بلوچ کو آرگنائزنگ باڈی کے اراکین منتخب کیا گیا۔

پارٹی نے اس اقدام کو کراچی میں قومی شعور اجاگر کرنے اور بلوچ نوجوانوں کو منظم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔