سانحہ نوشکی: شہر کو بچانے والا شوکت علی زندگی کی بازی ہار گیا

72

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 20 ہو چکی ہے۔

بلوچستان کے علاقے نوشکی میں ہونے والے ہولناک دھماکے میں زخمی ہونے والا رضاکار شوکت علی کراچی کے نجی اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ شوکت علی نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر جلتا ہوا ٹرک آبادی سے دور منتقل کیا تھا تاکہ شہر کو ایک بڑی تباہی سے بچایا جا سکے۔

 آتشزدگی کے بعد ٹینکر میں ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں شوکت سمیت 60 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوئے تھے اس المناک واقعے میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہو چکی ہے۔

یاد رہے کہ نوشکی میں 28 اپریل کو پیٹرول سے بھری ٹرک کو آگ لگنے سے 60 افراد جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک کی ٹینکی میں گیس ویلڈنگ کرنے کے دوران آگ لگی اور فائر بریگیڈ کی گاڑی سمیت کئی موٹر سائیکلیں بھی زد میں آگئیں، فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف تھا جبکہ عوام کی بڑی تعداد بھی ٹرک کے قریب موجود تھی کہ اسی دوران ٹرک دھماکے سے پھٹ گیا آگ کے باعث دھماکے سے قریب موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔

اڈے پر کھڑے ٹرک میں آگ لگی تو ڈرائیور ٹرک کو کھلے میدان میں لے گیا، ڈرائیور اگر متاثرہ ٹرک کو آگے نہ لے جاتا تو بڑی تباہی ہوتی، ٹرک اڈے پر تیل کی درجنوں دکانیں ہیں جن میں آگ لگ سکتی تھی۔