بلوچستان کے ضلع خضدار کے تحصیل نال میں ریاستی حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈ گروہ نے ایک مقامی شہری کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے، متاثرہ شہری کی شناخت محمد عارف ولد حاجی محمد صادق شاہ، ساکن حری نال کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق شہری پر تشدد ریاستی حمایت یافتہ شاہ میر بزنجو کے زیرِ قیادت ڈیتھ اسکواڈ کے افراد نے کیا، جو ریاستی سرپرستی میں امن کے نام پر سرگرم ہے لیکن عوامی حلقوں کی شکایات کے مطابق مقامی معاملات میں غیرقانونی اور غیر اخلاقی مداخلت میں ملوث ہے۔
متاثرہ شہری پر مسلسل تشدد کے باعث وہ شدید زخمی ہو چکا ہے، جب کہ علاقہ مکینوں نے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
نال حری کے رہائشیوں نے الزام لگایا ہے کہ مذکورہ گروہ امن کے علمبردار ہونے کا دعویٰ تو کرتا ہے لیکن حقیقت میں یہ گروہ عام شہریوں کے نجی و گھریلو معاملات میں مداخلت کر رہا ہے جو نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔
مقامی افراد نے ڈیتھ اسکواڈ کے سربراہ کو چیلنج کیا ہے کہ اگر وہ واقعی امن کے داعی ہیں تو انہیں چاہیے کہ اپنی سرگرمیوں کو آئینی و قانونی دائرہ کار میں محدود رکھیں، بصورت دیگر ان کے اقدامات کو ظلم و جبر تصور کیا جائے گا، جس کے خلاف عوامی سطح پر مسلسل آواز بلند کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں طویل عرصے سے ایسے افراد اور گروہوں کو ریاستی فورسز کی پشت پناہی حاصل رہی ہے جو مختلف جرائم میں ملوث ہیں، ان میں قتل، اغواء برائے تاوان، چوری اور دیگر سماجی برائیاں شامل ہیں۔
ریاستی سرپرستی میں یہ گروہ نہ صرف مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں بلکہ ان کا اصل ہدف بلوچ آزادی پسندوں کی سرگرمیوں کو روکنا اور انہیں نشانہ بنانا ہوتا ہے۔
بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے ان ریاستی حمایت یافتہ گروہوں کو بارہا وارننگز دی جا چکی ہیں اور ماضی میں ان گروہوں پر حملے بھی کیے گئے ہیں مسلح تنظیمیں ان گروہوں کو ریاستی ایجنڈے کا حصہ قرار دیتی ہیں اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کر چکی ہیں۔