خضدار میں انٹرنیٹ سروس معطل، طلبہ کاروباری حضرات اور فری لانسرز شدید متاثر

98

خضدار شہر میں گزشتہ ایک ہفتے سے زاہد انٹرنیٹ سروس کی معطلی نے طلبہ، فری لانسرز اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ طویل تعطل کے باعث نہ صرف طلبہ کی آن لائن تعلیم متاثر ہوئی ہے بلکہ وہ امیدوار بھی شدید پریشان ہیں جو بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے تحت ہیڈ ماسٹر اور دیگر آسامیوں کے امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق انٹرنیٹ بندش کی وجہ سے سینکڑوں اسٹوڈنٹس کی آن لائن کلاسز اور کورسز رک گئے ہیں، جس سے ان کا تعلیمی سلسلہ منقطع ہو چکا ہے۔ دوسری جانب، فری لانسرز اور آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد بھی اس صورتحال سے شدید متاثر ہو رہے ہیں، جن کا روزگار مکمل طور پر انٹرنیٹ پر انحصار کرتا ہے

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال نے ان کی روزمرہ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ خضدار میں انٹرنیٹ سروس کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں اور شہریوں کے معاشی مسائل حل ہو سکیں۔