مسلح افراد نے لیویز اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے بعد سرکاری اسلحہ ضبط کرلیا۔
مسلح افراد نے بلوچستان کے ضلع خضدار کے تحصیل نال میں ہڑنبو پہاڑی کی چوٹی پر واقع لیویز فورس کی چیک پوسٹ پر دھاوا بولتے ہوئے لیویز اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے بعد وہاں موجود سرکاری اسلحہ ساز و سامان ضبط کرلیا۔
مسلح افراد نے یرغمال پولیس اہلکاروں کو بعد ازاں رہا کردیا۔
حالیہ دنوں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پولیس، ایف سی، لیویز سمیت دیگر فورسز اہلکاروں پر حملوں اور انکی اسلحہ ضبطگی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں جہاں اس صورتحال پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس نے اہلکاروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ چوکیوں پر حملہ کرنے اور اسلحہ ضبط کرنے والی مسلح تنظیموں کا مقابلہ کریں، بصورت دیگر جن اہلکاروں نے مسلح افراد کو اپنا اسلحہ حوالے کیا انہیں نوکری سے برخاست کردیا جائے گا۔
اب تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کئی لیویز اہلکار اس قسم کے واقعات کے باعث اپنی نوکریاں کھو چکے ہیں۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں لیویز چوکیوں پر چھاپے اور سرکاری سامان کی ضبطگی کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں اس سے قبل بلوچستان کے متعدد علاقوں میں لیویز تھانوں پر قبضوں کے بعد حکام نے متعدد اہلکاروں کو برطرف کیا تھا۔
ان واقعات کی ذمہ داری اکثر بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں تاہم ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ وہ اہلکاروں کو بلوچ ہونے کی بناء پر جانی نقصان نہیں پہنچاتے ہیں۔