بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں ہونے والی جھڑپ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت صبر اللہ ولد یار محمد سکنہ سنگانی سر اور امجد ولد بشام سکنہ کولواہی بازار تربت کے ناموں سے ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تربت میں مسلح افراد نے رات گئے ایف سی کی ایک چیک پوسٹ پر راکٹ داغے جس کے بعد فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران مسلح افراد سے آمنا سامنا ہوا جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جھڑپ میں دونوں مسلح افراد مارے گئے، جبکہ ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی ایک ڈرون فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فورسز نے مسلح افراد کا ڈرون کے ذریعے پیچھا کیا۔ جیسے ہی وہ ایک تنگ گلی میں داخل ہوئے، دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دونوں حملہ آور موقع پر ہی مارے گئے۔
تاحال کسی مسلح تنظیم کی جانب سے اس جھڑپ سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔