بلیدہ: مسلح جھڑپ میں دو سرمچار جانبحق

146

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں ریاستی حمایت یافتہ مسلح گروہ، جنہیں مقامی طور پر ‘ڈیتھ اسکواڈ’ کے نام سے جانا جاتا ہے، اور بلوچ سرمچاروں کے درمیان جھڑپ میں دو سرمچاروں کے جانبحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

واقعہ بدھ کی شام کو بلیدہ کے علاقے گردانک بلو کوئی گز میں پیش آیا، جہاں دونوں جانب شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

مقامی ذرائع کے مطابق جھڑپ کے دوران دو بلوچ سرمچار مارے گئے، جن کی شناخت فقیر بلوچ ولد غلام رسول سکنہ گردانک اور جابر سکنہ زیردان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپ میں ‘ڈیتھ اسکواڈ’ کے اہلکاروں کو بھی جانی نقصان پہنچا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک سرکاری سطح پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔

بلوچستان میں ‘ڈیتھ اسکواڈ’ ایک اصطلاح کے طور پر ان مسلح گروہوں کے لیے استعمال ہوتی ہے جن پر الزام ہے کہ وہ ریاستی اداروں کی پشت پناہی میں کام کرتے ہیں اور بلوچ آزادی پسندوں یا ان کے حامی سمجھے جانے والے افراد کو نشانہ بناتے ہیں۔

تاحال جھڑپ کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، اور نہ ہی حکام کی جانب سے واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے۔