بلوچ لبریشن آرمی نے قلات کے شہر منگچر سے گرفتار پولیس اہلکاروں کو گذشتہ روز رہا کردیا جبکہ مذکورہ اہلکاروں کے ہمراہ بلوچ قوم، خصوصاً فورسز اہلکاروں کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔
یہ ویڈیو پیغام بی ایل اے کے آفیشل میڈیا چینل ہکّل پر شائع ہوا جس میں جدید ہتھیاروں سے لیس بلوچ سرمچاروں کو گرفتار پولیس اہلکاروں کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے۔
بلوچ لبریشن آرمی کا ایک سرمچار تنظیم کے پیغام کو بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے یہ پیغام خاص طور پر بلوچستان پولیس، لیویز فورس اور ان تمام بلوچوں کے لیے ہے جو ریاستی اداروں میں وردی کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
وہ کہتا ہے کہ ہم آج ان زیرِ حراست پولیس اہلکاروں کو ایک پیغام کے طور پر، ایک علامتی قدم کے طور پر، ایک نیک نیتی کے اشارے کے طور پر رہا کر رہے ہیں۔ یہ رہائی کسی کمزوری کی علامت نہیں، بلکہ ہماری سیاسی بلوغت، اخلاقی برتری اور اپنے لوگوں کو دشمن کی صف سے نکالنے کی کوشش ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مگر اب ہمیں یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ بلوچستان پولیس ایک خطرناک حد کے قریب ہے۔ آپ نے اپنی موجودگی کو نیوٹرل رکھنے کے بجائے قابض فوج کی فیلڈ فورس بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ آپ ان چوکیوں میں کھڑے ہیں جہاں قابض فوج بلوچ نوجوانوں کو اغواء کرتی ہے، آپ اُن کاروائیوں کی نگرانی کرتے ہیں جہاں فدائین کی لاشیں گھسیٹی جاتی ہیں، آپ ان بریفنگز کا حصہ بنتے ہیں جہاں بلوچ مزاحمت کو جرم کہا جاتا ہے۔
سرمچار کہتا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ آپ بھی اس نوآبادیاتی نظام کا شکار ہو سکتے تھے، مگر جب آپ دشمن کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، بندوق اس کی اور نعرہ اس کا، تو پھر آپ کی شناخت بلوچ نہیں بلکہ قابض کی وردی کا حصہ بن جاتی ہے۔
وہ مزید کہتا ہے کہ ہم آج کے اس عمل کے ذریعے آپ کو موقع دے رہے ہیں کہ آپ اس حد سے پیچھے ہٹ جائیں۔ ہم آپ کو دشمن کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتے، دشمن جیسا سلوک آپکے ساتھ روا رکھنا نہیں چاہتے، مگر یہ آپ کے عمل پر منحصر ہے کہ آپ خود کو کس صف میں کھڑا کرتے ہیں۔
وہ کہتا ہے کہ یہ رہائی ایک نیک نیتی کا مظہر ہے، ایک موقع ہے، ایک دروازہ ہے جو ہم نے کھلا رکھا ہے۔ اگر آپ نے اس اشارے کو سمجھا، اور قابض فوج کی جنگی مشینری سے فاصلہ اختیار کیا، تو ہم آپ کو اپنا سمجھیں گے اور آپ سے اپنوں جیسا سلوک روا رکھیں گے۔ لیکن اگر آپ نے اپنی موجودہ روش برقرار رکھی، اگر آپ بلوچ مزاحمت کے خلاف سرگرم رہے، تو آپ کو بھی اسی طرح دیکھا جائے گا جیسے ہم دشمن کو دیکھتے ہیں، اور نتائج بھی اسی کے مطابق ہوں گے۔
بلوچ لبریشن آرمی کا سرمچار آخر میں کہتا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ پیغام بلوچستان کے ہر تھانے، ہر چیک پوسٹ، ہر بلوچ وردی والے تک پہنچے کہ بی ایل اے آپ کو اپنے ہی لوگوں کے خلاف بندوق اٹھانے سے روکنا چاہتی ہے۔ ہم دشمن کے لیے گولی رکھتے ہیں، لیکن اپنوں کیلئے دروازہ کھلا رکھتے ہیں۔ اب فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ اس موقع کا کیسے فائدہ اٹھاتے ہیں۔