بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تین افراد کی لاشیں برآمد

203

بلوچستان کے مختلف علاقوں س تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس اور لیویز حکام کے مطابق، واقعات پنجگور، واشک کے علاقے ناگ، اور کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں پیش آئے۔

ضلع پنجگور کے علاقے پیرے جہلگ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ لاش کو شناخت کے لیے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

لیویز ذرائع کے مطابق، ناگ کے علاقے بانسر میں مسلح افراد نے رات گئے ایک شخص کو اس کے گھر سے اغواء کیا اور کچھ فاصلے پر بانسر چھڑائی کے مقام پر قتل کر کے لاش پھینک دی۔

مقتول کی شناخت ملا داود ولد جان محمد سکنہ ناگ بانسر کے طور پر ہوئی ہے۔ لاش کو آر ایچ سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم قتل کے محرکات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

ادھر ضلع کچھی کے علاقے چاندرامی، ڈھاڈر سے ایک نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق، مقتول کو گلا دبا کر قتل کیا گیا۔

لاش کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا گیا ہے۔ ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر محمد زاہد کے مطابق، مقتول کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔