گزشتہ شب بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے مالار مچھی میں پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے دو افراد جانبحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔
علاقائی ذرائع کے مطابق، رات تقریباً ایک بجے فورسز نے متعدد گھروں پر دھاوا بولا اس دوران جب لوگوں نے مزاحمت کی کوشش کی، تو فورسز نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان نعیم بلوچ ولد سنجر بلوچ اور ایک ادھیڑ عمر خاتون حوری بنت قاسم موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ نعیم بلوچ کی والدہ دادی بلوچ شدید زخمی ہوئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کو رات بھر طبی امداد سے محروم رکھا گیا اور اگلی صبح انتہائی نازک حالت میں آواران اسپتال منتقل کیا گیا۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ آواران کے علاقے مالار میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیش آنے والی چوتھی کارروائی ہے۔ ایک ہفتے میں آواران میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں کم از کم پانچ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔