بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پاکستانی فورسز نے ایک رہائشی علاقے میں چھاپہ مار کر دو نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 24 مئی 2025 کو رات تقریباً 2 بجے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کلی مینگل آباد کے ایک گھر پر چھاپہ مارکر محمد اسحاق اور عبدالرزاق کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں نوجوان بھائی بتائے جاتے ہیں جن میں سے ایک پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور جبکہ دوسرا طالب علم ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد سے دونوں نوجوانوں کا کوئی پتہ نہیں، اور حکام کی جانب سے ان کی حراست کی تصدیق یا کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے۔