کامریڈ غفار قمبرانی کو فوری طور پر بازیاب کرکے حکومت غیر جمہوری و غیر قانونی اقدامات کو بند کریں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

173

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پارٹی رہنما کامریڈ غفار قمبرانی کی ماورائے قانون گرفتاری و جبری گمشدگی کو جمہوریت کا گلہ گھونٹے اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی سنگین شکل قرار دیتے ہوئے اس منفی و گھناونے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ کامریڈ غفار قمبرانی جمہوری جدوجہد کے سیاسی کارکن ہیں جو بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کے پرامن و جمہوری جدوجہد کے علمبردار ہے۔ کامریڈ غفار قمبرانی متعدد بار انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے ناظم و کونسلر کی نشستوں پر منتخب ہوئے اور عوام اور علاقے کی خدمت کی ہے۔

بیان میں کہاگیا کہ کامریڈ غفار قمبرانی کی جبری گمشدگی ثابت کرتی ہے کہ حکومت سیاسی جمہوری عمل سے خوفزدہ ہے اور عوام کی آواز کو دبانے کے لیے 70 سالہ منفی پالیسیوں پر گامزن ہے اور اسی طرح کی منفی پالیسیوں نے ملک کے بالعموم اور بلوچستان کے بالخصوص حالات کو گھمبیر و پیچیدہ بنا دیا ہے۔ آج دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتجاجی سوال بلند کررہے ہیں۔

بیان میں کہاگیا کہ کامریڈ غفار قمبرانی کو فوری طور پر بازیاب کرتے ہوئے رہا کیا جائے اور حکومت غیر جمہوری و غیر قانونی اقدامات کو بند کریں۔