ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا کم عمر کزن جبری لاپتہ

1

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے 17 سالہ کزن سلال ولد ڈاکٹر نصیر کو پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔

نادیہ بلوچ، جو کہ ڈاکٹر ماہ رنگ کی بہن ہیں، نے میڈیا کو بتایا ہے کہ سلال بلوچستان ریزیڈنشیل کالج (BRC) لورالائی کا سیکنڈ ایئر کا طالبعلم ہے۔ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ کوئٹہ کے علاقے چلتن میں پکنک منا رہا تھا، جب اسے خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں نے دن دہاڑے، اس کے خاندان کے دیگر افراد کے سامنے زبردستی گاڑی میں ڈال کر اپنے ساتھ لے گئے۔

نادیہ بلوچ کے مطابق، سلال ایک ذہین طالبعلم ہے جو 22 اپریل کو اپنے اہم تعلیمی امتحانات دینے والا تھا اور MDCAT کی تیاری میں مصروف تھا۔ “ایک طالبعلم جس کا مقام اس وقت کلاس روم یا اسٹڈی ڈیسک ہونا چاہیے تھا، وہ اب ریاستی اداروں کی غیرقانونی حراست میں ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے خاندان اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے والے تمام افراد کو براہ راست اور بالواسطہ دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ “یہ محض ایک فرد کا اغواء نہیں، بلکہ ایک پوری قوم کو خاموش کرانے کی منظم کوشش ہے۔ یہ اجتماعی سزا ہے، ریاستی بربریت ہے، اور اس ظلم کو ختم ہونا چاہیے۔