بلوچستان حکومت نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بیبو بلوچ کی تین ایم پی او کے تحت نظر بندی میں مزید 30 دن کی توسیع کر دی ہے۔
گذشتہ ہفتے بلوچستان ہائی کورٹ نے ماہ رنگ بلوچ کیس کی شنوائی کے دوران انکے ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے سیکریٹری داخلہ بلوچستان کو بھیج دیا تھا۔
گذشتہ ہفتے عدالتی کاروائی کے بعد آج ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، دونوں رہنماؤں کی نظر بندی کی مدت پوری ہونے کے بعد دوبارہ 30 دن کے لیے بڑھا دی گئی ہے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بیبو بلوچ کے وکیل عمران بلوچ کے مطابق انکے مؤکل پہلے ہی گزشتہ 30 دن سے زیر حراست ہیں، اور اب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئے حکم کے تحت ان کی نظر بندی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ معروف بلوچ حقوق کارکن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبو بلوچ کو 22 مارچ 2025 کو کوئٹہ میں ایک پرامن احتجاج کے دوران بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف تھری ایم پی او (3MPO) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جو کہ پاکستان میں اکثر سیاسی کارکنان کو بغیر کسی باقاعدہ ٹرائل کے حراست میں رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ بیبو بلوچ سمیت بلوچ یکجہتی کمیٹی کے گل زادی بلوچ، شاہ جی صبغت اللہ، بیبرگ بلوچ سمیت متعدد بی وائی سی رہنماؤں اور کارکنان تاحال پولیس کے زیر حراست ہیں جنھیں مختلف اوقات میں گرفتار کیا گیا تھا۔