پہلگام حملے میں 26 افراد کی ہلاکت: مودی سعودی عرب کا دورہ مختصر کر کے وطن واپس

286

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے واقعے کے بعد انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی اپنا سعودی عرب کا دورہ مختصر کر کے دہلی واپس پہنچ گئے ہیں۔

بدھ کے روز انڈیا واپس پہنچنے کے بعد وزیرِ اعظم مودی نے دہلی کے اندرا گاندھی ایئر پورٹ پر ہی ایک سکیورٹی اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، سیکرٹی خارجہ وکرم مصری اور دیگر موجود تھے۔

خیال رہے کہ انڈین وزیرِ اعظم دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود تھے جب منگل کے روز انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے دو درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، اس واقعے کے بعد وزیرِ اعظم مودی اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کیے بغیر انڈیا لوٹ آئے۔ پہلے طے شدہ شیڈول کے مطابق، وزیرِ اعظم مودی کو بدھ کی رات واپس آنا تھا۔

اس سے قبل وزیراعظم نریند مودی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس واقعے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انھوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’دہشت گردی سے لڑنے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور یہ اور بھی مضبوط ہو گا۔‘

پہلگام واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی: روئٹرز

بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئٹرز نے مقامی پولیس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پرفائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔

پہلگام انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع مشہور سیاحتی مقام ہے۔

سیاحوں پر حملے کا یہ واقعہ پہلگام سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بیرسن میں ایک پہاڑی پر پیش آیا جہاں سیاحوں کا گروپ ایک سرسبز چراگاہ کے پاس موجود تھا۔

انڈیا کے زیرِ انتظام اس مسلمان اکثریتی خطے میں 1989 سے شورش جاری ہے۔ تاہم حالیہ برسوں کے دوران پُرتشدد واقعات میں کمی آئی ہے۔

تاحال کسی گروہ نے منگل کے روز ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم یہ پہلگام میں سیاحوں پر حملے کا پہلا واقعہ نہیں۔

1990 کی دہائی میں جب کشمیر میں شورش عروج پر تھی تب چار جولائی 1995 کو پہلگام سے چھ غیر ملکی سیاحوں کو اغوا کر لیا گیا تھا۔

پہلگام حملے کے بعد دہلی میں بھی سکیورٹی سخت

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے اہم سیاحتی علاقے پہلگام میں منگل کو سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد جہاں کشمیر کے بیشتر علاقوں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے وہیں انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں بھی حفاظتی انتظامات میں اضافہ کیا گیا ہے۔۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد خاص طور پر دہلی کے سیاحتی علاقوں میں سخت سکیورٹی چیکنگ کی جارہی ہے۔‘

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ ’وادی کشمیر میں چیک پوائنٹس بھی قائم کر دیے گئے ہیں اور آنے اور جانے والے تمام راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔‘