ویٹیکن سٹی 21 اپریل 2025 پوپ فرانسس کیتھولک چرچ کے 266ویں پوپ آج صبح 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، ویٹیکن کے کارڈینل کیون فیرل نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
ویٹیکن سٹی کے مطابق پوپ فرانسس گزشتہ 38 دنوں سے جمیلی ہسپتال میں دوہری نمونیا کے باعث زیر علاج تھے ان کی صحت میں حالیہ مہینوں میں نمایاں کمی آئی تھی اور وہ وہیل چیئر پر انحصار کرنے لگے تھے۔
پوپ فرانسس کا اصل نام ہورہے ماریو برگولیو تھا اور وہ 2013 میں پوپ منتخب ہوئے جو لاطینی امریکہ سے پہلے پوپ تھے۔
پوپ نے اپنی قیادت میں غرباء، مہاجرین، اور اقلیتوں کے لیے آواز بلند کی اور ماحولیاتی تحفظ اور سماجی انصاف پر زور دیا ان کے دورِ قیادت میں کئی اصلاحات متعارف کرائی گئیں جنہوں نے چرچ کی جدید تصویر کو فروغ دیا۔
ان کے انتقال کے بعد ویٹیکن میں سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے پاپ فرانسس کی آخری رسومات کی تیاری جاری ہے اور توقع ہے کہ وہ روم کے سانتا ماریا ماجیور باسیلیکا میں دفن کیے جائیں گے جیسا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں خواہش ظاہر کی تھی۔
پوپ فرانسس کی وفات کے بعد نیا پوپ منتخب کرنے کے لیے 2025 کے پاپائی انتخابی اجلاس (کونکلیو) کی تیاری شروع ہو گئی ہے اس اجلاس میں 135 کارڈینلز شرکت کریں گے جو 80 سال سے کم عمر ہیں۔
پوپ فرانسس کی قیادت اور خدمات کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے اور ان کی یاد میں دعائیہ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔