پانچ سالوں سے جبری لاپتہ میر تاج محمد سرپرہ کی والدہ انتقال کرگئیں

101

پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ میر تاج محمد سرپرہ کی والدہ انتقال کرگئیں۔

میر تاج محمد سرپرہ کی اہلیہ صالحہ مری نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ آج میرے شوہر میر تاج محمد سرپرہ کی والدہ انتقال کرگئیں ۔

انہوں نے کہا کہ مرحومہ نے اپنے بیٹے میر تاج محمد سرپرہ کے لیے پانچ سال تک درد اور انتظار کی اذیت برداشت کی۔ ہر دن غم کا بوجھ اٹھاتی رہیں، روتی رہیں اور اپنے بیٹے کی بازیابی کے لیے دعائیں کرتی رہیں۔ لیکن وہ دن کبھی نہیں آیا جس کی وہ منتظر تھیں ۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں کئی لاپتہ افراد کی والدین اپنے بچوں کی راہ تکتے اس دنیا سے چل بسے ہیں جبکہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے مظاہروں کے دوران ایسے مناظر دیکھے گئے ہیں کہ لاپتہ افراد کے والدین بے ہوش ہوئے ہیں –

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے شکار بننے والے دو دہائیوں سے لاپتہ سیاسی کارکنوں کی والدین سمیت لواحقین غم اور پریشانی سے مختلف مسائل کے شکار ہیں –

لاپتہ افراد کی لواحقین اپنے پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت سے یہی مطالبہ کرتے آرہے ہیں کہ اگر انکے پیاروں نے کوئی جرم کیا ہے تو عدالت میں انہیں پیش کرکے سزائیں دی جائے لیکن اس طرح سالوں سے انہیں لاپتہ کرکے پورے خاندان کو اذیت میں ڈال دیا جاتا ہے –

بلوچستان میں قوم پرست جماعتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں پاکستانی فورسز کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور لوگوں کو جبری لاپتہ کرنے کا ذمہ دار ٹہراتے ہیں