بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ایک تیل بردار ٹرک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کیں۔ اسی دوران بڑی تعداد میں عام شہری بھی ٹرک کے قریب جمع ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ بجھانے کے عمل کے دوران ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں فائر بریگیڈ کا عملہ اور 25 سے زائد شہری جھلس کر زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سول ہسپتال نوشکی منتقل کردیا گیا ہے۔ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو مزید علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔
علاقائی ذرائع کے مطابق ایمبولینسوں کی شدید کمی کے باعث مریضوں کو منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اہل علاقہ اور رضاکار اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔