مستونگ: پولیس وین پر دھماکہ، 3 ہلاک، 19 زخمی

444

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دشت روڈ پربلوچستان کانسٹیبلری کی بس پر آئی ای ڈی بم کے حملے میں 3 اہلکار ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔

دھماکہ دشت روڈ پر کنڈ مسوری کے قریب ہوا، دھماکا موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سے کیا گیا۔

پولیس کے مطابق بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار ڈیوٹی سے واپس جارہے تھے، ہلاک اور زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی مستونگ یونس مگسی کا کہنا ہے کہ مستونگ کا علاقہ کنڈ مسوری لیویز کی حدود میں آتا ہے تاہم دھرنے کے باعث ہمارے افسران نے پولیس اہلکاروں کو لیویز کے ساتھ ڈیوٹی دینے کے احکامات دیے اور ہمارے جوان روزانہ کی بنیاد پر ڈیوٹی کرکے واپس پولیس لائن مستونگ آجاتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ آج بھی 40 سے زائد اہلکار ڈیوٹی ختم کرکے پولیس بس میں واپس آرہے تھے کہ موٹرسائیکل میں نصب ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں 3 اہلکار ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیاگیا ہے، جبکہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیاجارہا ہے جن میں سے 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔

واقعے کے بعد بولان میڈیکل کالج ہسپتال اور سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔