مستونگ: بی این پی کا لک پاس پر جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان

335

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے لک پاس پر گزشتہ بیس روز سے جاری دھرنے کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

یہ اعلان انہوں نے مستونگ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے کا اختتام کسی کمزوری کی علامت نہیں بلکہ سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے، اور ہمارا احتجاج اب دوسری شکل اختیار کرے گا۔

بی این پی کے سربراہ نے مزید بتایا کہ حالیہ آل پارٹیز کانفرنس میں مختلف سیاسی جماعتوں نے دھرنا ختم کرنے کی تجویز دی تھی جس پر غور کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔

اختر مینگل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بی این پی اپنے جمہوری مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھے گی، اور اب بلوچستان بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی تاکہ آواز بلند رکھی جا سکے۔