ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں اتوار کو قلات شہر میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی جس نے بعد میں مظاہرے کی شکل اختیار کر لی۔
مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماوں نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بی وائی سی کے رہنماوں اور کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پہلے بلوچستان سے نوجوانوں اور بزرگوں کو اٹھایا جاتا تھا لیکن اب خواتین کو ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ بلوچستان کی خواتین حکومتی مظالم کے خلاف ایک توانا آواز بن گئی تھیں اس لیے ریاستی اداروں نے ان کی آواز کو بند کرنے کے لیے ان کو گرفتار کرنا شروع کیا۔
مقررین نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بی وائی سی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ بی این پی نے اس سے قبل بلوچ یکجہتی کمیٹی کی خواتین رہنماوں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے ضلع مستونگ کے علاقے لک پاس پر 20 دن تک دھرنا دیا تھا۔