سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا مطلب کیا ہے، پاکستان کے لیے کس قسم کی مشکلات پیدا کر سکتی ہے؟

82

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں منگل کو ہونے والے حملے میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد انڈیا نے پاکستان کے حوالے سے جو متعدد سخت اقدامات کیے ہیں اُن میں اٹاری-واہگہ سرحد کی بندش، سفارتی عملے میں کمی اور ویزوں پر پابندی کے علاوہ چھ دہائی پرانے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد کی معطلی بھی شامل ہے۔

سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا فیصلہ بدھ کو وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں انڈیا کی سلامتی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اس اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور انڈیا نہ ہی اب اس پر عملدرآمد کرے گا اور نہ ہی اس کا پابند ہوگا تاوقتیکہ پاکستان کے سرحد پار دہشت گردی کی حمایت ترک کرنے کے ناقابلِ تردید ثبوت نہیں ملتے۔