سمی دین بلوچ کا سرفراز بگٹی کو چیلنج: ویڈیو ہے تو سامنے لائیں، ورنہ مستعفی ہوں

667

بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی جانب سے بلوچ یکجہتی کمیٹی پر لگائے گئے الزامات پر کمیٹی کی رہنماء سمی دین بلوچ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے سرفراز بگٹی کو کھلے عام چیلنج کر دیا ہے کہ اگر ان کے پاس پاکستانی جھنڈے کو نذر آتش کرنے کی ویڈیو موجود ہے تو وہ عوام کے سامنے پیش کریں۔

سرفراز بگٹی نے پاکستانی ٹی وی چینل پر صحافی کو دئے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں الزام عائد کیا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما پاکستان دشمن ہیں اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ سمی دین بلوچ نے ایک ویڈیو میں پاکستانی جھنڈے کو آگ لگائی ہے۔

وزیر اعلیٰ کے اس دعوے کے جواب میں سمی دین بلوچ نے ایک سخت بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا ہماری پرامن تحریک کو متنازعہ بنانے کے لئے ہر وقت صرف جھوٹ اور میڈیا پروپیگنڈہ کا سہارا لیا گیا ہے اور وہی جھوٹ آج بھی دہرایا جا رہا ہے اب تک ہم پر جتنے الزامات لگائے گئے ان میں سے ایک بھی ثابت نہیں ہو سکا۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز بگٹی کو کھلے عام چیلنج کرتی ہوں کہ وہ یہ ویڈیو قوم کے سامنے لائیں بتائیں کب، کہاں اور کس موقع پر میں نے ایسا کیا؟ اگر وہ اپنا الزام ثابت کر دیں تو میں خود کو قانون کے حوالے کر دوں گی لیکن اگر وہ ثبوت پیش نہ کر سکے جو کہ ممکن نہیں تو پھر انہیں فوراً مستعفی ہونا ہوگا۔

سمی دین بلوچ نے عدلیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے خلاف اس جھوٹ، بہتان اور گمراہ کن بیان پر قانونی کارروائی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر جھوٹے الزامات کی بنیاد پر لوگوں کو اٹھایا یا گرفتار کیا جا سکتا ہے تو پھر قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔