سر خاران کے علاقے مسکان قلات میں گذشتہ شب مسلح افراد کی بڑی تعداد نے علاقے میں گشت کیا اور لیویز تھانہ سر خاران پر حملہ کرکے اُسے اپنے قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد تھانے میں موجود 15 سے زائد کلاشنکوف سمیت دیگر فوجی سامان لے کر فرار ہوگئے۔
حکام نے تاحال اس واقعے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی ہے، تاہم علاقائی ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ رات ایک بجے پیش آیا۔ اِس دوران مسلح افراد نے نہ صرف تھانے پر قبضہ کیا بلکہ علاقے میں گشت بھی کیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق مسلح افراد کی بڑی تعداد نے تھانے میں موجود اہلکاروں کو زد و کوب کرکے اسلحہ و دیگر ضروری سامان اپنے ساتھ لے گئے، اور ساتھ میں علاقے میں گشت بھی کرتے رہے ہیں۔
اس واقعہ سے پہلے رواں ماہ خاران بازار کے ہندو محلہ میں بھی مسلح افراد نے ایک پولیس اہلکار سے سرکاری اسلحہ چھین لیا تھا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان بھر میں ایسے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں پولیس اور لیویز فورسز کے اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔