ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں پاکستانی فورسز کے مبینہ آپریشن کے دوران تین افراد جانبحق ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، تربت کے علاقے ڈنک میں رات گئے دو دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق، دھماکوں کا سلسلہ رات تقریباً 4 بجے شروع ہوا، جو صبح 5 بجے تک وقفے وقفے سے فائرنگ میں تبدیل ہو گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران فورسز نے ڈنک میں دو افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ تاہم، اس آپریشن کی تربت کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔
ادھر، تربت کے نواحی علاقے جوسک سے بھی ایک اور شخص کی ہلاکت کی غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
دوسری جانب، پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ تربت میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران تین مسلح افراد کو شدید فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا گیا۔