بلوچستان میں ریاست پاکستان کی جانب سے بلوچوں کے اغوا نما گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور دیگر جنگی جرائم کے خلاف سرگرم بلوچ یکجہتی کمیٹی کے خلاف ریاست پاکستان کی کریک ڈاون، اور اس کے رہنماؤں اور کارکنوں، جن میں ممتاز بلوچ رہنما ڈاکٹر مہرنگ بلوچ، بیبو بلوچ، گلزادی بلوچ، صبغت بلوچ، بیبرگ بلوچ اور دیگر کی اغوا نما گرفتاریوں اور انہیں بلاوجہ جیل میں رکھنے کے خلاف آج 8 اپریل 2025 کو اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرگ میں اسکاٹش پارلیمنٹ کے سامنے بلوچ کمیونٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
اس مظاہرے میں پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بلوچ یکجہتی کمیٹی پر ہونے والے کریک ڈاؤن کے خلاف آواز بلند کرے، ریاست پاکستان پر دباؤ ڈالے، اور گرفتار بلوچ رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
احتجاجی مظاہرے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان آوازوں کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔