بلوچ یکجہتی کمیٹی پر ریاستی کریک ڈاؤن اور رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔
بلوچستان میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں پر کریک ڈاؤن تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف آج ضلع خضدار اور واشک میں عوام نے ریلی نکالی اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی جھالاوان ریجن خضدار زون کی جانب سے بی وائی سی قیادت و کارکنان کی غیر قانونی حراست و جبری گمشدگیوں، پر امن مظاہرین پر ریاستی تشدد، نہتے مظاہرین کا قتل، چار دیواری کی پامالی اور بلوچستان میں جاری ریاستی جبر و بربریت کے عنوان سے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
خضدار ریلی میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جہاں انہوں نے کھنڈ ہائی اسکول سے جھالاوان کمپلیکس تک مارچ کیا اور نعرہ بازی کی۔
بی وائی سی کے خلاف کریک ڈاؤن اور قیادت کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان کے ضلع واشک میں بھی ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں افراد جن میں بچے خواتین اور بزرگ شامل تھے نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے بی وائی سی کے رہنماؤں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ بی وائی سی کے سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت تمام اسیر رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
احتجاجی ریلی میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ سردار اختر جان مینگل کے بلوچ ناموس مارچ پر ہونے والی شیلنگ کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کی مذمت کی جائے اور مارچ کے شرکاء کو یہ حق دیا جائے کہ وہ کوئٹہ جا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا سکیں عوام نے اپنے عزم کا اظہار کیا کہ اگر حکومت ظلم اور ناانصافیوں پر اتر آئی تو وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔