بلوچستان کے جنوبی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج سے 18 اپریل تک دن کا درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری زیادہ ہوگا جبکہ رات کے اوقات میں بھی موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
گرمی کی اس لہر کے دوران خشک اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جو انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں باہر نکلنے سے کُریز کریں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گندم کی فصل سے متعلق فیصلے موسمی حالات کے مطابق کریں اور جانوروں کو بھی گرمی سے بچانے کے انتظامات کریں۔
مزید برآں پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔