بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر خاتون سمیت چار افراد جانبحق، ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے جائنٹ روڈ پر ایک تیز رفتار گاڑی نے واک کرتی ہوئی 30 سالہ مہ سلم رضا کو کچل دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں جہاں ہسپتال منتقلی کے دوران خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
واقعہ کے بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔
کوئٹہ ہی میں خانوزئی میں ڈاکوؤں نے ایک ٹرالر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈرائیور نوید احمد شاہوانی جانبحق ہوگیا ہے۔
ایک اور واقعہ میں کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی نوحصار میں نامعلوم افراد نے پرانی دشمنی کی بنیاد پر فائرنگ کرکے لیویز اہلکار عبدالقدوس کو قتل کردیا۔
حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے، لیویز فورس نے نعش کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کیا اور قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردی جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔
مزید برآں گذشتہ روز گوادر کے علاقے کوہ باتیل پر واقع سنسٹ پارک کے قریب ایک نوجوان تنویر احمد جو مجاہد وارڈ کا رہائشی تھا پہاڑ سے گر کر جانبحق ہوگیا، متوفی اپنے دوستوں کے ہمراہ پکنک منانے آیا تھا اور تصاویر کھینچتے ہوئے پاؤں پھسلنے سے گہری کھائی میں جا گرا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
دریں اثناء دالبندین کے علاقے فیصل کالونی بائی پاس پر نامعلوم مسلح افراد کی دکان پر ڈکیتی کی کوشش کی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دکاندار عزیز اللہ کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے، زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد دکانداروں نے ٹائر جلا کر سڑک بند کردی جس کے باعث آمد و رفت معطل ہوگئی اور دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔