بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اپریل 2025 کے پہلے ہفتے کے دوران مختلف سڑکوں پر پیش آنے والے 809 حادثات میں کم از کم 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 1072 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو ادارے ایم ای آر سی 1122 کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، یکم سے 7 اپریل کے درمیان سب سے زیادہ حادثات این-50 قومی شاہراہ پر رپورٹ ہوئے، جن کی تعداد 449 رہی۔
اس کے علاوہ این-25 پر 257، این-70 پر 43، این-65 پر 29، این-80 پر 25، ایم-8 پر 4 اور این-40 پر 2 حادثات پیش آئے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ بلوچستان میں سڑکوں کی مخدوش حالت اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث ہر سال بڑی تعداد میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ان ہلاکت خیز حادثات کے باعث اکثر خونی شاہراہ کہا جاتا ہے۔
2024 کا سال بھی صوبے کے لیے مہلک ثابت ہوا، جب مجموعی طور پر 20,300 روڈ حادثات میں کم از کم 471 افراد جاں بحق جبکہ 17,500 سے زائد افراد زخمی یا معذور ہوئے۔
شہریوں، سماجی تنظیموں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے ان بڑھتے حادثات پر بارہا آواز بلند کی ہے کئی مرتبہ احتجاجی مظاہرے لانگ مارچ اور مطالبات بھی کیے گئے کہ سڑکوں کو محفوظ بنایا جائے، مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث صورتحال میں بہتری کے بجائے مزید بگاڑ پیدا ہوا ہے۔