ایران کے بندر عباس میں شاہد رجائی بندرگاہ دھماکہ: 516 افراد زخمی

156

ایران کے جنوبی شہر بندر عباس کی شاہد رجائی بندرگاہ پر ایک زوردار دھماکہ اور آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 516 افراد زخمی ہو گئے۔

دھماکہ آج دوپہر کے وقت بندرگاہ کے سینا کنٹینر یارڈ میں ہوا جہاں متعدد کنٹینرز میں ممکنہ طور پر خطرناک مواد یا کیمیکلز موجود تھے، دھماکے کے بعد ایک بڑی آگ بھڑک اٹھی اور سیاہ دھوئیں کے بادل کئی کلومیٹر دور تک دیکھے گئے۔

دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ایک عمارت منہدم ہوگئی۔ 

ابتدائی اطلاعات کے مطابق 281 افراد زخمی ہوئے تھے، تاہم بعد میں یہ تعداد بڑھ کر 406 اور پھر 516 ہو گئی۔

ہنگامی سروسز بشمول ہرمزگان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں کیں ۔ 

ابتدائی تحقیقات میں غفلت اور آتش گیر مواد کی ناقص ہینڈلنگ کو ممکنہ وجوہات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، قومی ایرانی پیٹرولیم ریفائننگ اور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے واضح کیا ہے کہ دھماکے سے ان کے بنیادی ڈھانچے بشمول ریفائنریوں ایندھن کے ٹینکوں تقسیم کے مراکز یا تیل کی پائپ لائنوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ 

شاہد رجائی بندرگاہ ایران کی سب سے بڑی تجارتی بندرگاہ ہے جو سالانہ تقریباً 80 ملین ٹن سامان کی ترسیل کرتی ہے، اس واقعے نے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی تشویش پیدا کی ہے۔