بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر حملوں اور اسلحہ ضبطی کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔
چاغی کے علاقے امین آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کر کے وہاں تعینات اہلکاروں سے اسلحہ اور وائرلیس سیٹ چھین لیا۔
واقعہ 15 مارچ کی شام پیش آیا، جب موٹر سائیکل سوار حملہ آور اچانک چیک پوسٹ پر پہنچے اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا، لیویز اہلکاروں نے فوری طور پر کنٹرول روم کو اطلاع دی، جوابی کارروائی کے دوران ملزمان اپنی موٹر سائیکل اور لیویز کا وائرلیس سیٹ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
لیویز فورس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، اور علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پولیس، لیویز و دیگر فورسز اداروں پر حملوں اور چھاپہ مار کاروائیوں میں شدت آئی ہے جبکہ مسلح افراد نے مختلف علاقوں میں فورسز اسلحہ و دیگر سامان ضبط کرکے اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔