وزیراعلیٰ بلوچستان کا کاسی قبرستان میں جعفر ایکسپریس حملہ آوروں کو دفن کرنے کی تصدیق

372

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ لاشوں کو عدم شناخت کے باعث دفنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی وزراء کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس حملے میں مارے گئے نامعلوم حملہ آوروں کو ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعے دفنایا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مطابق جو لاشیں ناقابل شناخت ہیں انہیں دفنایا گیا ہے جبکہ جن لاشوں کی شناخت ہو رہی ہے انہیں قانونی طریقوں سے ورثا وصول کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں سرفراز بگٹی کا کہنا تھا ریاست کے خلاف جنگ شروع کی گئی ہے، یہ غیر معمولی حالات ہیں، دہشتگردوں کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، یہ لوگ پاکستان توڑنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں کوئٹہ کے مقامی افراد نے کاسی قبرستان میں تیرہ نامعلوم قبروں کا انکشاف کیا تھا۔ مقامی افراد کے مطابق رات گئے پولیس نے نامعلوم افراد کے لاشیں دفن کی تھی۔

آج میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ قبریں جعفر ایکسپریس حملہ آوروں کی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں مہینے 11 مارچ کو بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے کوئٹہ سے پشاور اور لاہور جانے والی جعفر ایکسپریس کو حملے کا نشانہ بناتے ہوئے دو سو سے زائد پاکستان فوج کے اہلکاروں کو رغمال بنایا تھا۔

بلوچ لبریشن آرمی نے بولان جعفر ایکسپریس اور پاکستانی فورسز سے جھڑپوں میں اپنے 13 سرمچاروں کے جانبحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے تفصیلات اور تصاویر میڈیا کو فراہم کر دی ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان کی سیاسی و سول سوسائٹی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کاصی قبرستان میں چھپ کر دفن کی گئی اور سول اسپتال لائی گئی لاشوں میں بلوچستان سے جبری لاپتہ افراد بھی شامل ہوسکتے ہیں۔

ان تنظیموں نے حکام سے لاشوں کو نکالنے اور شناخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔