صحبت پور :ایک ہی خاندان کے 7 افراد قتل

212

بلوچستان کے ضلع صحبت پور میں فائرنگ کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جانبحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ آر ڈی 238 کی حدود میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے ایک جھونپڑی نما گھر پر حملہ کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین میں گھر کا سربراہ، اس کی اہلیہ، چار بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں، جانبحق ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سال سے 15 سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد مسلح ملزمان نے گھر کو بھی آگ لگا دی، جس سے پورا جھونپڑی نما مکان جل کر خاکستر ہوگیا۔

مقتول خاندان مقامی زمیندار کی زمین پر بطور بزگر کام کرتا تھا، اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ زرعی زمین کے تنازعے کا نتیجہ لگتا ہے۔

یہ واقعہ رات گئے تقریباً تین بجے پیش آیا، جب متاثرہ خاندان اپنے گھر میں موجود تھا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔