بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر مینگل نے سریاب سانحہ کو ایک سیاہ دن قرار دیتے ہوئے حکمرانوں کو عوامی نہیں بلکہ سرکاری نمائندے کہا ہے۔
انہوں نے پرامن احتجاجی مظاہرین پر سفاکانہ شیلنگ، بربریت اور پانچ بلوچ نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کی۔ سحری کے وقت دھرنے پر دوبارہ چڑھائی اور ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر خواتین و نوجوانوں کی گرفتاری پر بھی انہوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔
سردار اختر مینگل نے کہاکہ موجودہ حکمران عوام کے نمائندے نہیں بلکہ سرکار کے نمائندے ہیں، جنہیں نام نہاد انتخابات کے ذریعے بلوچستان پر مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میں چار آپریشنز کیے گئے اور پانچواں جاری ہے، جس میں بلوچ روایات کو پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کا فائدہ اٹھانے والے وہی لوگ ہیں جو آج وزیراعلیٰ، ایم این اے، ایم پی اے اور سینیٹر بنے ہوئے ہیں، اور ان کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں ہے۔