زاہدان: پاکستانی حکومت ماہ رنگ بلوچ کو فوری رہا کرے۔ مولانا عبدالحمید

487

مغربی بلوچستان کے معروف عالم دین مولانا عبدالحمید نے مشرقی بلوچستان میں پرامن احتجاج کو طاقت کے زور پر دبانے کے ردعمل میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

آج جمعہ کے روز زاہدان میں نماز جمعہ کے امام مولانا عبدالحمید اسماعیل زئی نے مشرقی بلوچستان میں بلوچ عوام کے احتجاج کو دبانے اور ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حکومت سے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

حالیہ وسیع پیمانے پر ہونے والے احتجاج اور ہڑتالوں کا حوالہ دیتے ہوئے مولوی عبدالحمید نے کہا: “تمام حکومتیں عوام کے مطالبات سننے کی پابند ہیں، ہم پاکستانی حکومت سے یہ بھی تجویز کرتے ہیں کہ وہ احتجاج کو دبانے کے بجائے بلوچ عوام کے رہنماؤں سے مذاکرات کریں اور ان کے جائز مطالبات پر توجہ دیں۔”

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سربراہ اور بلوچ قوم کا اثاثہ ہیں، اگر میں پاکستان کا حکمران ہوتا تو ان سے بات کرتا، انہیں گرفتار نہ کیا جاتا، خواتین کی گرفتاری فقہی اور مذہبی نقطہ نظر سے ناقابل قبول ہے۔”

زاہدان کے امام جمعہ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو اقتدار کے منصب سے دور رکھیں، لوگوں سے بات چیت کریں اور ان کے انسانی حقوق کا احترام کریں۔ انہوں نے آخر میں پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر مہرنگ بلوچ اور دیگر نظربندوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے اور مظاہرین کو دبانے کے بجائے ان کے ساتھ بات چیت کی جائے۔