وڈھ میں مسلح افراد کا پولیس تھانے پر حملہ، جھڑپیں شدت اختیار کرگئیں
بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں مسلح افراد نے پولیس تھانے پر شدید حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں کشیدگی اور خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے بھاری ہتھیاروں سے لیس ہوکر اچانک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیئر کور ایف سی اور لیویز کے دستے پولیس کی مدد کے لیے روانہ کیے گئے، تاہم جب فورسز کی کمک موقع پر پہنچی تو حملہ آوروں نے ان پر بھی حملے شروع کردیے جس کے باعث جھڑپیں مزید شدت اختیار کرگئیں۔
تاحال حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصان کے حوالے سے کوئی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم، علاقے میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی مزید کمک بھیجی جارہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور حملے کے مقصد کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
واقعے کے بعد مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور لوگ اپنی حفاظت کے لیے گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔